لکھنؤ، یکم دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے بجلی صارفین کے لیے خوشخبری ہے۔ ریاست میں بجلی بل بقایہ داروں کے لیے یکمشت نپٹان (او ٹی ایس) اسکیم 2024-25 کا آغاز 15 دسمبر سے ہوگا۔ یہ اسکیم تین مرحلوں میں 31 جنوری 2025 تک جاری رہے گی۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند صارفین کو کارپوریشن کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروانا ہوگا اور اپنے اصل بقایہ کا 30 فیصد جمع کرنا ہوگا۔ اس کے بعد بقایہ بل پر سرچارج میں چھوٹ دی جائے گی۔ اسکیم کے تحت 30 ستمبر 2024 تک کے بجلی بلوں کے بقایہ جات پر یہ رعایت فراہم کی جائے گی۔
یہ اسکیم تین مرحلوں میں چلے گی، اس میں پہلا مرحلہ 15 دسمبر سے شروع ہو کر 31 دسمبر تک چلے گا جس میں 1 کلو واٹ وزن تک اور اصل بقایہ 5000 تک یکمشت جمع کرنے پر 100 فیصد چھوٹ ملے گی اور 10 قسطوں میں جمع کرنے پر تاخیر ادائیگی سرچارج میں 75 فیصد چھوٹ۔ وہیں 5000 سے زیادہ بقایہ پر 70 فیصد اور قسط میں 60 فیصد چھوٹ ملے گی۔
دوسرا مرحلہ یکم جنوری سے شروع ہوکر 15 جنوری تک چلے گا۔ اس میں 5000 تک یکمشت ادائیگی میں 80 فیصد چھوٹ، قسط میں 65 فیصد چھوٹ، 5000 سے زیادہ پر 60 فیصد چھوٹ اور قسط پر 50 فیصد چھوٹ ملے گی۔ اس کا تیسرا مرحلہ 16 جنوری سے شروع ہوکر 31 جنوری تک چلے گا۔ اس میں یکمشت جمع کرنے پر 70 فیصد چھوٹ، قسط میں جمع کرنے پر 55 فیصد چھوٹ، 5000 سے زیادہ بقایہ پر 50 فیصد اور قسط پر 40 فیصد چھوٹ ملے گی۔
ریاست کے بجلی صارفین کو بجلی بل کے سود اور سرچارج میں بڑی راحت دیتے ہوئے او ٹی ایس اسکیم نافذ کی گئی ہے۔ اس اسکیم کا فائدہ جن لوگوں کو ملے گا وہ ہیں گھریلو صارفین (ایل ایم وی-1)، کمرشیل (ایل ایم وی-2)، نجی ادارے (ایل ایم وی-4بی)، صنعتی ادارے (ایل ایم وی-6) اور مستقل طور سے کنکشن کٹنے والے صارفین بھی اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
صارفین اس کا فائدہ لینے کے لیے ڈویژن، سب ڈویژن آفس، ودیوت سکھی، جن سیوا کیندر یا محکمہ کی ویب سائٹ www.uppcl.org سے اپنا رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ اس میں رجسٹریشن کے لیے اپنا نیا بل اور موبائل نمبر دینا ہوگا اور ادائیگی بھی انہی ذرائع سے کیا جاسکتا ہے۔ وہیں رجسٹریشن کے بعد جو صارفین ادائیگی نہیں کریں گے ان کو اس اسکیم کا فائدہ نہیں ملے گا اور ان کا سرچارج بھی بڑھا دیا جائے گا۔